ہیری کین کا جادو: انگلینڈ نے ہارتا ہوا میچ جیت لیا

ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں انگلینڈ نے اپنے کپتان ہیری کین کی شاندار کارکردگی کی بدولت ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر کانگو) کو 2-1 سے شکست دے کر آخری 16 مرحلے میں جگہ بنا لی۔
اٹلانٹا میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ ایک مرحلے پر اپ سیٹ شکست کے دہانے پر کھڑا تھا، تاہم ہیری کین نے آخری 15 منٹ میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کو تاریخی ناکامی سے بچا لیا۔کین نے پہلے 75ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے برابری کا گول کیا، جبکہ میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل انتھونی گورڈن کے پاس پر شاندار شاٹ لگا کر انگلینڈ کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹوخل نے میچ کے بعد اپنے کپتان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیری کین ایک غیرمعمولی لیڈر ہیں، جو بڑے مواقع پر میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بہترین اسٹرائیکرز ہمیشہ گول کرنے کی بھوک رکھتے ہیں، اور کین نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کر دی۔اس کامیابی کے ساتھ ہی ہیری کین نے ورلڈ کپ میں اپنے گولوں کی تعداد 13 کر دی، جبکہ انگلینڈ کے لیے ان کے مجموعی بین الاقوامی گول 84 ہو گئے۔ وہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں دو گول کرنے والے 1990کے بعد پہلے انگلش کھلاڑی بھی بن گئے۔میچ کے بعد ہیری کین نے کہا کہ بچپن سے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنا ان کا خواب تھا، اور وہ ہمیشہ اپنی کارکردگی سے نئی نسل کے لیے مثال بننے کی کوشش کرتے ہیں۔

فیس بک تبصرے

Facebook Comments Plugin Area