ہمارا مشرقی ہمسایہ دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ اور پیسہ فراہم کر رہا ہے: شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
جمعرات کو کوئٹہ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس، فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں تین روز کے دوران 54 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔‘شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے قربانیاں دیں اور خون کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ’دہشت گردی کے واقعات میں ہمارے مشرقی ہمسائے کا ہاتھ ہے، دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ اور پیسہ فراہم کیا جا رہا ہے، آخری فسادی اور دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔‘انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں بھی دہشت گرد کارروائیوں میں خارجی ملوث ہیں، سیاسی و عسکری قیادت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل یکسو ہے۔‘وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ ’بلوچستان میں امن پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے ناگزیر ہے۔‘انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملک کے مثبت سفر، ترقی اور خوشحالی کو روکنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔شہباز شریف نے بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف 'زیرو ٹالرینس' کی پالیسی پر زور دیا۔وزیراعظم کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک ہوئے (فوٹو: حکومتِ پاکستان)انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’پاکستان صوبے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے اندرونی اور بیرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کو کُچل کر رکھ دے گا۔‘وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہم نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔‘انہوں نے اس حوالے سے یہ بھی کہا کہ ’گذشتہ سال مئی میں معرکۂ حق میں فتح اور پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں۔‘’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، شہدا کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ پاکستان جلد ترقی اور خوش حالی کا گہوارہ بنے گا۔‘بلوچستان کی امن و امان کی مجموعی صورت حال پر غور کے لیے کوئٹہ میں وزیراعظم کی زیرَصدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ان کے علاوہ گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزرا عطا تارڑ، احد چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔وزیراعظم کو بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بالخصوص حالیہ دہشت گردی کے واقعات، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور صوبے کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔












فیس بک تبصرے
Facebook Comments Plugin Area